بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بیلجیئم: کئی سرکاری اداروں کے لوگ منظم مجرم گروہوں کا حصہ ہوسکتے ہیں، وزیر انصاف

بیلجیئم کے وزیر انصاف وان کوئیکن بورن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کئی سرکاری اداروں کے لوگ بھی منظم مجرم گروہوں کا حصہ ہوسکتے ہیں۔

اس خدشے کا اظہار انہوں نے بیلجئین پولیس کی جانب سے پیغامات بھیجنے والی ایک ایپ کو توڑ کر اس میں موجود پیغامات کی روشنی میں مجرموں سے تعلقات کے شبہ میں گرفتار کیے گئے 2 وکلاء اور ایک پولیس افسر کی گرفتاری کے بعد کیا۔

یاد رہے کہ اس ماہ کے آغاز میں بیلجئین پولیس نے Sky ECC نامی ایک ایسی میسیجنگ ایپ کو توڑنے میں کامیابی حاصل کی تھی جس کے بنانے والوں کا دعوٰی تھا کہ کوئی بھی ان کے نظام میں داخل نہیں ہو سکتا۔

لیکن پولیس نے اس نظام میں موجود پیغامات کی روشنی میں مختلف جگہوں پر چھاپے مارکر 12 لاکھ یورو نقد، 17 ٹن کوکین، ہیرے، زیورات، پرتعیش گاڑیاں، پولیس کی وردیاں اور مختلف ہتھیار برآمد کیے تھے۔

اس کے علاوہ انہی پیغامات کی روشنی میں پولیس افسران اور 2 وکلاء بھی گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

اس ساری صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے وزیر انصاف وان کوئیکن بورن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وزارت انصاف، کسٹم اور دیگر کئی سرکاری اداروں کے ملازمین ان منظم جرائم پیشہ گروہوں کے حصے کے طور پر سامنے آسکتے ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ Sky ECC نامی اس ایپ کے منتظمین کے اسی دعوے کے پیش نظر کہ اس ایپ کے پیغامات کو کوئی اور نہیں دیکھ سکتا، یہ مجرم گروہوں کی پسندیدہ ایپ شمار ہوتی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.