بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی: پاکستان نے ریکارڈز کے انبار لگادیے

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں محمد رضوان اور بابر اعظم نے 152 رنز کی ناقابل شراکت بناکر پاکستان کو بھارت کیخلاف 10 وکٹ سے تاریخی فتح دلادی، اس فتح میں پاکستان کے کئی ریکارڈز بن گئے، بھارت کو بھی وہ سہنا پڑ گیا جو اس نے شاید کبھی سوچا بھی نہیں ہو۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت نے پاکستان کو جیت کیلئے 152 رنز کا ہدف دیا تھا، جو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔

محمد رضوان نے 79 اور بابر اعظم نے 68 رنز بنائے اور پاکستان کو باآسانی فتح دلادی۔

اس سے قبل پاکستان کا بھارت کیخلاف بہترین شراکت کا ریکارڈ 106 رنز تھا، 2012 میں محمد حفیظ اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ پر106 رنز بنائے تھے۔

یہ ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کی بھارت کے خلاف پہلی فتح ہے، ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھارت پہلی مرتبہ 10 وکٹوں سے ہارا ہے، پاکستان بھی پہلی ہی مرتبہ ٹی ٹوئنٹیز میں کوئی میچ 10 وکٹوں سے جیتا ہے۔

بابر اعظم اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کیلئے 152 رنز کی ناقابل شکست شراکت بناکر بھارت کیخلاف کسی بھی ٹیم کی جانب سے کسی بھی وکٹ پر ٹی ٹوئنٹیز کی سب سے بڑی شراکت بنادی، اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن کے پاس تھا، دونوں نے 2012 میں بھارت کے خلاف 133 رنز کی شراکت بنائی تھی۔

مائیکل وان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بابر اعظم کے لیے تعریفی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ تم بہت اچھا کرسکتے ہو۔

یہ شراکت بھارت کیخلاف کسی بھی وکٹ پر پاکستان کی بہترین شراکت تو پہلے ہی بن چکی تھی جب دونوں ٹیم کے 107ویں رن کیلئے دوڑے، اس سے قبل 2012 میں حفیظ اور ملک نے 106 رنز کی شراکت چوتھی وکٹ پر بنائی تھی۔

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں شاہد آفریدی اور شاہین شاہ آفریدی کی تصویر شیئر کی ہے ۔

یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی کسی بھی وکٹ پر پاکستان کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل 2010 میں سلمان بٹ اور کامران اکمل نے بنگلہ دیش کیخلاف 142 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

اس اننگز کے دوران بابر اعظم نے سال 2021 میں 1500 ٹی ٹوئنٹی رنز بھی مکمل کرلئے ، وہ ایک کلینڈر سال میں 1500 ٹی ٹوئنٹی بنانے والے پاکستان کے دوسرے بیٹسمین ہیں، بابر اعظم نے 2019 میں 1607 رنز بنائے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.