بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

’برسر اقتدار فوج چند لوگوں کے مفادات کے لیے عام شہریوں کو قربان کر دے گی‘

میانمار: مسلح افواج کے دن پر سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے درجنوں مظاہرین کی ہلاکتوں کی اطلاع

میانمار

،تصویر کا ذریعہReuters

میانمار کی سکیورٹی فورسز نے سنیچر کے روز مظاہرین پر فائرنگ کی جس سے متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

میانمار میں سنیچر کو مسلح افواج کا دن منایا جا رہا ہے۔

اس موقعے پر مظاہرین نے ینگون (رنگون) اور دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کیے۔ اطلاعات کے مطابق 60 سے زیادہ افراد مارے چکے ہیں۔ ایک اور اندازے کے مطابق مرنے والوں کی تعداد سو کے قریب ہو گئی ہے۔

فوجی بغاوت کے قائد مِن آنگ ہلینگ نے سنیچر کو قومی ٹی وی پر خطاب میں کہا کہ وہ ’جمہوریت کا تحفظ‘ کریں گے۔ اُنھوں نے انتخابات کا وعدہ تو کیا، تاہم کوئی تاریخ نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیے

یکم فروری کو فوجی بغاوت کے بعد سے مظاہروں کو دبانے کی سکیورٹی فورسز کی کوششوں میں اب تک 320 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

سرکاری ٹی وی نے جمعے کو اپنی نشریات میں خبردار کیا تھا کہ لوگوں کو ‘پہلے ہونے والی بری اموات سے سبق سیکھنا چاہیے کہ آپ بھی سر اور پشت پر گولی لگنے کے خطرے کی زد میں ہیں۔’

میانمار

،تصویر کا ذریعہReuters

میانمار کی سڑکوں پر کیا ہو رہا ہے؟

فوج کی جانب سے طاقت کے مہلک استعمال کی دھمکی کے باوجود فوجی بغاوت کے خلاف متحرک کارکنوں نے سنیچر کو بڑے مظاہروں کا اعلان کیا تھا۔

سکیورٹی فورسز بڑی تعداد میں مظاہروں کو روکنے کے لیے موجود تھیں۔ خاص طور پر ینگون میں سکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نظر آئی۔

اموات کی تعداد کی تصدیق کرنا مشکل ہے تاہم نیوز ویب سائٹ دی ایراوادی کے مطابق 28 مقامات پر تین بچوں سمیت 59 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

میانمار ناؤ کا کہنا تھا کہ ینگون کے مضافاتی علاقے میں پولیس سٹیشن کے باہر چار ہلاکتوں سمیت 50 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ایک صحافی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ پولیس نے شمال مشرقی شہر لاشیو میں مظاہرین کے خلاف اصلی گولیوں کا استعمال کیا تھا۔

فوجی بغاوت کے مخالف ایک گروہ سی آر پی ایچ کے ترجمان ڈاکٹر ساسا نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے کہا: ‘آج مسلح افواج کے لیے شرم کا دن ہے۔ فوجی جنرل 300 سے زیادہ معصوم شہریوں کو قتل کرنے کے بعد مسلح افواج کا دن منا رہے ہیں۔’

میانمار

،تصویر کا ذریعہGetty Images

فوج کا کیا کہنا ہے؟

سنیچر کو اپنی براہِ راست نشر ہونے والی تقریر میں مِن آنگ ہلینگ نے کہا: ‘فوج جمہوریت کے تحفظ کے لیے قوم کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے۔’

‘مطالبات کی خاطر استحکام اور تحفظ کو متاثر کرنے والے پرتشدد اقدامات غیر مناسب ہیں۔’

اُنھوں نے مزید کہا کہ فوج کو اقتدار پر قبضہ جمہوری طور پر منتخب آنگ سان سوچی اور اُن کی جماعت کے ‘غیر قانونی اقدامات’ کی وجہ سے کرنا پڑا۔

لیکن اُنھوں نے واضح طور پر یہ نہیں کہا کہ فوج کو قتل کے ارادے سے گولی مارنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ اس سے قبل فوجی رہنماؤں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گولیاں مظاہرین کی جانب سے ہی چلائی گئیں۔

میانمار میں مسلح افواج کا دن سنہ 1945 میں جاپانی قبضے کے خلاف میانمار کی فوجی مزاحمت کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

اس دن ہونے والی پریڈ میں مختلف ممالک کے حکام شریک ہوتے ہیں۔ مگر بظاہر روسی نائب وزیرِ دفاع الیگزینڈ فورمن ہی وہاں موجود واحد غیر ملکی اہلکار تھے۔

من آنگ ہلینگ نے کہا کہ ‘روس سچا دوست ہے۔’

امریکہ، برطانیہ اور یورپی یونین نے فوجی بغاوت کے جواب میں پابندیاں عائد کی ہیں۔ میانمار اور روس کے دفاعی تعلقات حالیہ سالوں میں مضبوط ہوئے ہیں۔ اس دوران ماسکو نے ہزاروں سپاہیوں کو فوجی تربیت فراہم کی ہے جبکہ فوج کو اسلحہ بھی فروخت کیا ہے۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.