جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

ارکان سندھ اسمبلی کو حلقے میں آوارہ کتوں کو پکڑنا ہوگا، مراسلہ جاری

کراچی: سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ نے تمام ارکان کو ہنگامی مراسلہ ارسال کردیا ہے جس کے تحت ارکان سندھ اسمبلی کو اپنے حلقے میں آوارہ کتوں کو پکڑنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق تمام ارکان سندھ اسمبلی کو ہنگامی مراسلہ ارسال کردیا ہے اور حکم نامے میں ارکان سندھ اسمبلی کو سگ گزیدگی مہم کی نگرانی اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے آئی جی سندھ پولیس سمیت تمام متعلقہ محکموں کو اس حوالے سے آگاہ کردیا اور سندھ پولیس کے ڈی آئی جیز ، ایس ایس پیز کو بھی احکامات پر عمل کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب کتوں کو پکڑنے کی مہم پر تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن رکن اسمبلی رابستان خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہےکہ عدالت کا فیصلہ خوش آئند ہے، تاہم اپوزیشن کے ارکان کے پاس فنڈز نہیں ہیں اور یہ ذمے داری صرف سندھ حکومت کی ہے اور فیصلے کا اطلاق حکومتی ارکان اسمبلی پر ہونا چاہیے۔

 رابستان خان کا کہناتھا کہ اس حکم کی عدم تعمیل پر حکومتی ارکان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ، لگتا ہے اس کے لیے مختص کی گئی رقم اومنی گروپ کے پاس چلی گئی ہے جبکہ اپوزیشن لیڈر حلیم عادل نے بھی کہا کہ ہمارے پاس فنڈزنہیں کہ سگ گزیدگی کراسکیں۔

واضح رہے  صوبہ سندھ کی تحصیل ڈہرکی میں پانچ روز قبل کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والا شخص لاہور کے اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے جبکہ سندھ بھر میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم متعلقہ ادارے کتوں کے خاتمے کے لئے مہم چلانے میں مکمل ناکام نظر آتے ہیں اور آئے دن کتے کے کاٹنے کے واقعات رپورٹ ہونا معمول بن گیا ہے۔

خیال رہے صرف کراچی میں رواں برس ہی کتے کے کاٹنے کے 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں سے انڈس اسپتال میں 1 ہزار 641 ، جناح اسپتال میں 2 ہزار 195 اور سول اسپتال میں 2 ہزار کے قریب کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، مگر ہوا کچھ نہیں۔

جاری رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال2020میں کتے کے کاٹنے کے 2 لاکھ 5 ہزار 319 سے زائد کیسز اور 16 اموات رپورٹ ہوئی تھیں جبکہ سال 2019 میں 2 لاکھ 35 ہزار واقعات رپورٹ اور ریبیز کے باعث 25 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ، مگر ہوا کچھ نہیں۔

یاد رہے سندھ ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، کتا مار مہم کی نگرانی نہ کرنے پر رتوڈیرو اور جامشورو کے ایم پی ایز فریال تالپور اور گیان چند ایسرانی کو معطل کردیا ہے  اور الیکشن کمیشن کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے جبکہ جس علاقے میں سگ گزیدگی کا واقعہ پیش آئے گا وہاں کے ایم پی اے کے خلاف کارروائی ہوگی، عدالت نے خبردار کردیا تھا۔

You might also like

Comments are closed.