
وزارتِ قانون نے منحرف ارکان کو پانچ سال کے لیے نااہل کرنے کا آرڈیننس لانے سے انکار کردیا۔
مجوزہ آرڈیننس میں کہا گیا کہ منحرف ارکان کو 5 سال کے لیے نا اہل قرار دیا جائے، وزارت قانون نے اٹارنی جنرل کے آرڈیننس کے مسودے پر اعتراض لگا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر قانون نے آرڈیننس کے ذریعے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ آرڈیننس کے ذریعے ممبر پارلیمنٹ کو نااہل نہیں کیا جاسکتا۔
ذرائع کے مطابق وزیر قانون نے کہا کہ ممبر پارلیمنٹ کی نا اہلی آرڈیننس کے ذریعے نہیں کی جاسکتی، نااہلی صرف پارلیمنٹ کے بنائے گئے ایکٹ کے ذریعے ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ نااہلی کے آرڈیننس کا کوئی مسودہ نہیں بھیجا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے سیاسی کمیٹی کا اجلاس کل بنی گالا میں طلب کرلیا، جس میں منحرف اراکین سے متعلق سپریم کورٹ میں ریفرنس پر مشاورت کی جائے گی۔
اجلاس میں سندھ ہاؤس میں ہونے والے واقعے، قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے اور تحریک عدم اعتماد سے متعلق امور پر بات ہوگی۔
Comments are closed.