
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی سے حکومت پنجاب کے وزراء کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، مسلم لیگ ق کی قیادت نے تحریک انصاف کو بڑے سیاسی فیصلے لینےکا مشورہ دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی نے صوبائی وزراء کو مشوردہ دیا کہ جو سیاسی حالات ہیں اس کا تقاضا ہےحکومت پہلے فیصلہ لے، حالات تیزی سے حکومت کے ہاتھ سے نکل رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پرویز الہٰی نے کہا کہ جو پہلے فیصلہ لیتا ہے سیاست میں اس کو برتری حاصل ہو جاتی ہے، لمحہ بہ لمحہ صورت حال تبدیل ہورہی ہے۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ اس صورتحال پر مشورہ بھی ہورہا ہے اور رابطے بھی ہو رہے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور صوبائی وزراء اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کی قیادت سے ملاقات کے لیے پہنچے تھے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی سے صوبائی وزراء راجہ بشارت اور محمود الرشید نے ملاقات کی، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چوہدری پرویز الہٰی اور صوبائی وزراء کی ملاقات کے دوران صوبے میں جاری جوڑ توڑ کے عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس کی کارروائی پر بھی بات چیت کی گئی، جبکہ کون کس کے ساتھ جارہا ہے؟ اس حوالے سے بھی رہنماؤں نے گفتگو کی۔
Comments are closed.