قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر و نائب کپتان محمد رضوان نے پنڈی ٹیسٹ سے قبل ساتھی کھلاڑیوں کو اپنے ہاتھ کا قہوہ بناکر پلا دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے محمد رضوان سمیت دیگر قومی کرکٹرز کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں اُنہیں قہوہ پارٹی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
محمد رضوان نے اپنے ساتھی کرکٹرز کے لیے الیکٹرک کیٹل میں قہوہ بنایا اور اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ وہ کبھی کبھی قہوہ بناتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ اُن کی اہلیہ یہ ویڈیو دیکھ لیں تاکہ اُنہیں بھی یقین ہوجائے کہ اُن کا شوہر قہوہ بنا سکتا ہے۔
نائب کپتان نے انکشاف کیا کہ شاہین شاہ آفریدی قہوہ بہت اچھا بناتے ہیں جبکہ ساجد اور افتخار ساتھی کرکٹرز کے لیے چائے بناتے ہیں۔
دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ محمد رضوان زیادہ اچھا قہوہ بناتے ہیں لہٰذا یہ ذمہ داری، اب رضوان کو دے دینی چاہیے۔
پی سی بی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں قومی کرکٹرز ڈرائی فروٹس اور قہوے کے مزے لے رہے ہیں۔
Comments are closed.