بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

علی نواز اعوان کے الزامات پر سینئر صحافی خاتون عاصمہ شیرازی نے ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا

سینئر صحافی عاصمہ شیرازی نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔

عاصمہ شیرازی نے علی نواز اعوان کی جانب سے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں الزامات لگانے پر ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھیجا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ علی نواز اعوان جھوٹے، من گھڑت اور بے بنیاد الزامات پر 14 دن کے اندر معافی مانگیں، ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

28 فروری کو وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے ایک ٹی وی چینل پر گفتگو کے دوران سینئر صحافی عاصمہ شیرازی پر پیسے لے کر کالم لکھنے کا الزام عائد کیا تھا۔

تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے پروگرام میں سوال اٹھایا تھا کہ وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں صحافیوں پر پیسے لے کر گند لکھنے کا الزام لگایا ہے اگر اس بنیاد پر وزیراعظم کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج کرایا جائے تو کیا وزیراعظم الزام ثابت کر پائیں گے؟

جواب میں علی نواز اعوان نے سینئر صحافی عاصمہ شیرازی کے کالم کا حوالہ دے کر ان پر پیسے لے کر کالم لکھنے کا الزام عائد کیا۔

سینئر صحافی عاصمہ شیرازی کی طرف سے وکلا نگہت داد، ایمان زینب مزاری حاضر اور ثاقب جیلانی ایڈووکیٹ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.