وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد سے متعلق اپوزیشن کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہم سوئے ہوئےنہیں ہیں۔
پارلیمنٹ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا کہ جو ممبر پی ٹی آئی اور وزیراعظم عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالےگا وہ نااہل ہوجائےگا۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ جو ممبر بھی نااہل ہوگا تو اپوزیشن یہ اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکیں گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ اتنا آسان نہیں کہ حزب اختلاف ہمارے خلاف تحریک عدم اعتماد لے آئے۔ اپوزیشن جو مرضی کرلے، تحریک عدم اعتماد ناکام ہے اور رہے گی۔
پرویز خٹک نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کا وزارت سے متعلق کوئی مطالبہ نہیں، اتحادی جماعتوں کے ساتھ وعدے پورے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو ایک دوسرے کو گالیاں اور گھسٹینے کی باتیں کرتے تھے آج وہ ایک ساتھ ہیں، اپوزیشن کو ڈر ہے کہ ان کے کیسز کھل جائیں گے۔
اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کے درمیان فاصلے بڑھنے سے متعلق صحافی کے سوال پر پرویز خٹک نے جواب دیا کہ جب تک وزیراعظم ہیں، ادارے ان کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے پھر ہارس ٹریڈنگ کی باتیں شروع کردیں، کسی مخالف ایم این اے یا ایم پی اے کو ساتھ ملانا ہارس ٹریڈنگ ہے، نوازشریف ہارس ٹریڈنگ کی پیداوار ہیں، وہ پھر یہ کوشش کرنا چاہ رہے ہیں۔
Comments are closed.