پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 27ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 198 رنز کا ہدف دے دیا۔
قلندرز نے ہیری بروکس کی سنچری اور فخر زمان کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز 6 وکٹوں کے نقصان پر 197 میں رنز بنائے۔
ہوم ٹیم کو ابتدا میں ہی فل سالٹ، محمد حفیظ اور کامران غلام کی شکل میں 12 کے مجموعے تک 3 وکٹوں سے محروم ہونا پڑا۔
اس کے بعد ہیری بروکس اور فخر زمان نے یونائیٹڈ کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی، دونوں نے 101 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر بڑے اسکور کی جانب گامزن کردیا تھا۔
اس اسکور پر فخر زمان آؤٹ ہوئے جنہوں نے 41 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
اس کے بعد آنے والے بلے بازوں نے ہیری بروکس کا ساتھ دیا جو پہلے سے ہی یونائیٹڈ کے بولرز پر لاٹھی چارج میں مصروف تھے۔
بروکس نے 10 چوکوں اور 5 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 102 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔
علاوہ ازیں سابق کپتان سہیل اختر نے 15 اور ڈیوڈ ویسا نے 17 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف 3 وکٹیں لے کر کامیاب بولر ٹھہرے، جبکہ ظاہر خان اور لیام ڈاسن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
ٹاس:
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں لاہور قلندز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ اچھا اسکور بنائیں۔
راشد خان کی غیر موجودگی سے متعلق کپتان لاہور قلندرز کا کہنا تھا کہ راشد نمبر ون بولر ہیں، انہیں مس کریں گے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان آصف علی کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ کم اسکور پر حریف ٹیم کو روکیں۔
اپنی کپتانی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کپتانی کرنے سے کچھ نہ کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل:
پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز کی ٹیم 10 پوائنٹس اور بہتر اوسط رن ریٹ کی وجہ سے دوسرے نمبر پر ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کامیابی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر کردے گی۔
گزشتہ میچ:
ایونٹ کے گزشتہ میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دی تھی۔
پلیئنگ الیونز:
لاہور قلندرز کی ٹیم میں عبداللہ شفیق کی جگہ پر سہیل اختر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں محمد وسیم جونیئر کی واپسی ہوئی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں میدان میں اترنے والی لاہور قلندرز میں فخر زمان، سہیل اختر، کامران غلام، محمد حفیظ، فل سالٹ، ہیری بروک، ڈیوڈ ویسا، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان پر مشتمل ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی آج بھی آصف علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں رحمان اللّٰہ گرباز، مبشر خان، دانش عزیز، لیام ڈاسن، آصف علی، اعظم خان، فہیم اشرف، مرچنٹ ڈی لینگے، محمد وسیم، وقاص مقصود اور ظاہر خان شامل ہیں۔
Comments are closed.