یورپین یونین ملٹری کمیٹی کے چیئرمین جنرل کلاڈیو گرازیانو نے پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ بیلجیئم کو خوش آئند قرار دے دیا۔
اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹوئٹر پر اس ملاقات کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے سب سے پہلے انہوں نے جنرل باجوہ کو خوش آمدید کہا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ملاقات کے موضوعات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی آرمی چیف کے ساتھ خطے میں سیکیورٹی تعاون، یورپین یونین کی انڈو پیسیفک حکمت عملی پر خیالات کا زبردست تبادلہ خیال ہوا ہے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے مزید مطلع کیا کہ یورپ اور پاکستان اصولوں پر مبنی علاقائی سلامتی کے ڈھانچے کو فروغ دینے کیلئے انسداد دہشت گردی کے امور پر باقاعدہ تبادلہ خیال کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ یورپین یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے گذشتہ سال 15 نومبر کو اپنی ای یو- انڈو پیسیفک سٹریٹجی کا اعلان کیا تھا۔
ان کے مطابق یہ پالیسی خطے میں اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے یورپ کے جیو سٹریٹجک وژن کا حصہ ہے کیونکہ اس ریجن میں نہ صرف دنیا کی 60 فیصد آبادی مقیم ہے بلکہ یہ راستہ یورپ اور ایشیا کے درمیان سامان اور خدمات کے عالمی بہائو کا 70 فیصد فراہم کرتا ہے ۔ جوکہ عالمی جی ڈی پی کا 60 فیصد بنتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی چین اور امریکا اور اس کے اتحادیوں کے درمیان مستقبل کی معاشی اور تزویراتی ممکنہ جنگوں کا بھی اسی علاقے میں مرکز ہونے کا امکان ہے۔
اس تناظر میں پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ کی یورپین ملٹری اور سیاسی قیادت سے ملاقاتیں اس حوالے سے ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو بہتر انداز میں سمجھنے کا اہم موقع ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف نے یورپین خارجہ و سیکیورٹی امور کی دیکھ بھال کے ذمہ دار ادارے یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے سیکٹری جنرل سٹیفانو سانینو سے بھی ملاقات کی تھی۔
Comments are closed.