وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلانے کے الزام میں گرفتار ن لیگی کارکن صابر محمود ہاشمی کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کے دوران لاہور کی عدالت نے ایف آئی اے سائبر کرائم کو نوٹس جاری کر کے کل جواب طلب کر لیا۔
لاہورکی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج یاسین شاہین نے صابر محمود ہاشمی کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کی۔
صابر محمود ہاشمی کے وکیل کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجسٹریٹ نے صابر محمود ہاشمی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ درج کی گئی ایف آئی آر کے مندرجات کے مطابق صابر محمود ہاشمی نے کوئی جرم نہیں کیا، صابر محمود ہاشمی ن لیگی کارکن ہیں جن کے خلاف جھوٹا کیس بنایا گیا ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ یہ کیس مزید تفتیش کا ہے، اس لیے صابر محمود ہاشمی کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔
Comments are closed.