بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

اسحاق ڈار کے زنگ آلود بیان کو FIA استعمال کر رہا ہے: شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے اب اسحاق ڈار کے زنگ آلود بیان کو استعمال کر رہا ہے۔

لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل میں شوگر ملز مالیاتی اسکینڈل کے سلسلے میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پیش ہوئے، عدالت نے فردِ جرم عائد کرنے کے لیے انہیں طلب کیا تھا۔

مقدمے کی سماعت شروع ہوئی تو شہباز شریف نے عدالت سے چند گزارشات کی استدعا کر دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ڈیلی میل میں شہزاد اکبر نے میرے خلاف آرٹیکل لکھوایا ، خبر کے بعد حکومتی وزیروں نے میرے اوپر زہر کے گولے برسائے، پونے 2 سال بعد این سی اے نے لندن کی عدالت میں کہا کہ ہم انکوائری ڈراپ کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ 4 سال ہو گئے ہیں، حکومت ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکی، میں نے عوام کے 1 ہزار ارب روپے کی بچت کی، پاکستان کے غریب عوام کی خدمت کی، گنہگار آدمی ہوں لیکن یہ کرپشن ثابت نہیں کر سکتے،مجھے بدنام کرنے کے لیے صاف پانی کیس کا ڈھنڈورا پیٹا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کسی اور کیس میں گرفتار کر کے نیب کے عقوبت خانے میں رکھا گیا، صاف پانی کیس میں اللّٰہ تعالیٰ کے کرم سے تمام لوگ بری ہوئے ہیں، جج صاحب بشیر میمن کا ریکارڈ پر بیان ہے کہ وزیرِ اعظم نے شہباز شریف کے خلاف کیس بنانے کے لیے کہا۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ میں اللّٰہ تعالیٰ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ اگر یہ ثابت ہو جائے کہ سلمان شہباز نے ترکی کی کمپنی سے پیسہ کھایا ہے تو میں خدا کی قسم آپ سے اور اللّٰہ تعالیٰسے معافی مانگ کر گھر چلا جاؤں گا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ میرے خلاف جعلی کیس بنایا گیا، مجھے یہ بتائیں میں نے کہاں منی لانڈرنگ کی ہے،یہ جعلی اور جھوٹا کیس ہے، اس عدالت کا وقت ضائع کیا جا رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.