پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رواں ماہ 27 فروری سے کراچی سے شروع ہونے والے عوامی مارچ کے روٹ پلان کی منظوری دے دی۔
پیپلز پارٹی کا عوامی مارچ کراچی سے 10 دن میں 34 مختلف شہروں سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں عوامی مارچ کا آغاز کراچی میں مزار قائد سے اتوار 27 فروری کو صبح 10 بجے ہوگا، جو براستہ ٹھٹھہ اور سجاول سے ہوتا ہوا بدین پہنچے گا، جہاں پہلے دن کا اختتام ہوگا۔
عوامی مارچ دوسرے دن 28 فروری پیر کو حیدرآباد، ہالا، نواب شاہ سے ہوتا ہوا مورو پر ختم ہوگا۔
منگل یکم مارچ کو عوامی مارچ مورو سے خیرپور شہر پہنچے گا، جہاں سکھر میں تیسرے دن کا اختتام ہوگا۔
2 مارچ بدھ کو لانگ مارچ کا آغاز سکھر سے ہوگا، جہاں سے وہ براستہ گھوٹکی رحیم یار خان پہنچے گا۔
جمعرات 3 مارچ کو عوامی مارچ رحیم یار خان سے شروع ہوگا جہاں بہاولپور، لودھراں سے ہوتا ہوا ملتان میں ہونے والے بڑے عوامی اجتماع پر ختم ہوگا۔
اسی طرح 4 مارچ بروز جمعہ ملتان سے لانگ مارچ براستہ خانیوال، چیچہ وطنی سے ہوتا ہوا ساہیوال پہنچے گا۔
عوامی مارچ بتاریخ 5 مارچ ہفتے کو ساہیوال سے اوکاڑہ اور پتوکی سے ہوتے ہوئے لاہور میں داخل ہوجائے گا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دوپہر ایک بجے بتاریخ 6 مارچ بروز اتوار کو ناصر باغ لاہور میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری عوامی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے لاہور کے ناصر باغ سے شیرانوالہ باغ گوجرانوالہ پہنچیں گے، جہاں عوامی اجتماع سے خطاب ہوگا، جبکہ 6 مارچ کو وزیرآباد میں اپنے دن کا اختتام کرے گا۔
7 مارچ بروز پیر کو عوامی مارچ کا قافلہ وزیر آباد سے لالہ موسیٰ جائے گا، جہاں جہلم اور گوجر خان سے ہوتا ہوا راولپنڈی لیاقت باغ پر اپنے دن کا اختتام کرے گا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں 8 مارچ بروز پیر کو لانگ مارچ کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا اور عوامی قافلہ مختلف گزرگاہوں سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچے گا۔
Comments are closed.