وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپوزیش جماعتوں کو للکار دیا اور کہا کہ تحریک انصاف اپنی جگہ پر واپس آرہی ہے۔
وفاقی وزیر فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں پرویز خٹک نے کہا کہ خیبرپختونخوا الیکشن میں اپوزیشن جماعتوں کو بدترین شکست ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کو ہمارے رفقاء نے آسان لیا، دوسرے مرحلے کے انتخابات میں صوبے میں اکثریت پی ٹی آئی کی ہوگی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے کے پی بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ لیے، اپوزیشن جماعتوں کو بدترین شکست ہوئی، وہ یاد رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے کے انتخابات کے لیے کارکنوں کو متحرک کررہے ہیں، کے پی بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا خیبرپختونخوا میں کردار ہی ختم ہوگیا ہے، صوبے کی 18 تحصیلوں میں پی ٹی آئی کامیاب ہوئی ہےجبکہ اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نے 3،4 سیٹیں ہی جیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف پروپیگنڈا چلتا رہا کہ پارٹی ختم ہوگئی ہے، مجھے ذمہ داریاں سونپی گئیں جو بخوبی نبھاؤں گا۔
وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف اپنی جگہ پر واپس آرہی ہے، پہلے پارٹی ورکرز کو پوچھا نہیں تھا اب ہمیں انہیں اعتماد میں لے رہے ہیں، انہیں بااختیار بنارہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن عام انتخابات کی طرح نہیں بلکہ یہ الیکشن بہت مشکل ہوتا ہے، دوسرے مرحلے کے انتخابات میں بہتر نتائج آئیں گے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ سیاسی جماعتیں شور مچارہی ہیں حالانکہ وہ دو تین سیٹ ہی جیت سکیں، یہ شوق سے تحریک عدم اعتماد لائیں، انہیں ناکامی ہی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں ملک کو چوروں سے نجات مل جائے، ایسا سسٹم چاہتے ہیں جو فول پروف ہو، حالیہ الیکشن میں 9 سیٹیوں میں سے 6 ہم جیتے ہیں دو مولانا نے جیتیں۔
فرخ حبیب نے گفتگو کے دوران کہا کہ فضل الرحمان پر ڈیرہ اسماعیل خان سے بار بار عدم اعتماد ہورہا ہے، جس کو کوئی گھر میں قبول کرنے کو تیار نہیں وہ باہر کیا کرے گا۔
Comments are closed.