پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے سینیٹ میں پاکستان کی بیٹی سمیرا کا مسئلہ اٹھادیا۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ سمیرا بھارتی شہر بنگلور کے شیلٹر ہاؤس میں پاکستانی شہریت کی تصدیق کے انتظار میں بیٹھی ہے، جس پر چیئرمین سینیٹ نے رولنگ دی کہ سینیٹر عرفان صدیقی اور قائد ایوان مل کر اس کا لائحہ عمل بنائیں۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے سینیٹ میں بھارت میں قید بھگتنے والی پاکستان کی ایک بیٹی سمیرا کا مسئلہ بھی اٹھا دیا۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ قطر میں پاکستانی لڑکی سمیرا نے بھارتی مسلمان لڑکے سے شادی کی جو اسے بغیر ویزے کے بھارت لے گیا، جہاں سمیرا کو گرفتار کر لیا گیا اور اسے تین سال قید ہوئی، جیل میں ہی اس کے ہاں ایک بیٹی پیدا ہوئی، قید کے دوران ہی اُس کا خاوند اسے چھوڑ گیا، سمیرا رہائی کے بعد بیمار بچی کے ہمراہ بنگلور کی ایک حراست گاہ میں پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سمیرا کی وکیل نے بتایا چھ ماہ سے وہ دلی میں پاکستانی سفارت خانے اور پاکستان میں وزارت خارجہ سے رابطہ کر رہی ہے تاکہ سمیرا کی پاکستانی شہریت کی تصدیق حاصل کی جا سکے لیکن اسے کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔
عرفان صدیقی نے قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم سے کہا کہ وہ یہ معاملہ حکومت کے سامنے لے جائیں۔ چیئرمین سینیٹ نے رولنگ دی کہ سینیٹر عرفان صدیقی اور قائد ایوان مل کر اس کا لائحہ عمل بنائیں۔
Comments are closed.