بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

شاہین شاہ آفریدی آسٹریلیا کیخلاف بولنگ اٹیک کی قیادت کیلئے پُرعزم

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلیا کیخلاف بولنگ اٹیک کی قیادت کیلئے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ جب آسٹریلیا نے آخری مرتبہ پاکستان کادورہ کیا تھا تب میں پیدا بھی نہیں ہوا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بڑی ٹیموں کےخلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گزشتہ سال پاکستان کے بولنگ اٹیک نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔

گزشتہ دنوں کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورۂ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔

گزشتہ دنوں ہی پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا تھا، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔

آسٹریلوی ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائینگے۔

مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.