ایرن ہالینڈ: پاکستان سپر لیگ میں بطور میزبان کام کرنے والی گلوکارہ، ماڈل اور سابق مس ورلڈ آسٹریلیا جو پاکستانی مداحوں میں مقبول ہیں
یوں تو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اپنے سخت مقابلوں اور بہترین کرکٹ کی وجہ سے جانا جاتا ہے، لیکن ایک ماہ پر محیط اس ٹورنامنٹ میں صرف یہی کرکٹ کے مداحوں کی توجہ کا مرکز نہیں رہتا۔
وہ تماشائیوں میں موجود کسی شخص کا پُرکشش ناچ ہو یا پھر کسی کمنٹیٹر کی کوئی بات، ہر خبر پر نظر رکھنے والے مداح اس کے بارے میں سوشل میڈیا پر بات ضرور کرتے ہیں۔ پہلے کچھ سیزنز میں وویئن رچرڈز اور ڈیرن سیمی خاصے مقبول رہے، اس کے علاوہ لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا مداحوں کی نظروں میں تو بہت زیادہ ہی رہے۔
تاہم گذشتہ کچھ سیزنز سے بطور میزبان پی ایس ایل میں خدمات سرانجام دینے والی ایرن ہالینڈ بھی رواں سیزن میں ایسی ہی توجہ کا مرکز ہیں۔
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی 32 سالہ ایرن ہالینڈ گذشتہ سیزنز کی طرح اس مرتبہ بھی پاکستان میں ہیں اور ان کی مقبولیت کی ایک وجہ یہ بھی کہ ان کے شوہر بین کٹنگ ایک کرکٹر ہیں اور وہ مختلف پی ایس ایل ٹیمز کا حصہ بھی رہے ہیں۔
اس ٹورنامنٹ کے آغاز میں ہی ایرن ہالینڈ کی اپنے شوہر کے ساتھ ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں وہ انھیں دور کھڑے ہو کر سالگرہ کی مبارکباد دے رہی تھیں۔
ایرن ہالینڈ سنہ 2013 میں مس ورلڈ کا ٹائٹل جیت چکی ہیں اور انھیں مقامی لباس میں دیکھ کر پاکستان میں اکثر مداح ان کی تعریف کرتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں مداحوں کی ایرن کے لیے اپنی اس دیوانگی کا مظاہرہ اس وقت کیا گیا جب ایرن ہالینڈ نے اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے یہ کہا کہ ’جب میں یہاں سے جاؤں تو کیا میں دیواروں پر لگا یہ ماربل بھی ساتھ لے کر جا سکتی ہوں؟‘
یہ بھی پڑھیے
اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاصی دلچسپ گفتگو دیکھنے کو ملی، کسی نے انھیں مردان آنے کی دعوت دی تو کسی نے انھیں ’کراچی کی مالک‘ ہی قرار دے دیا۔
صارف احسن احمد نے لکھا کہ ’آپ کے بہترین الفاظ کے لیے بہت شکریہ، لیکن اگر آپ کو یہ (ماربل) واقعی پسند ہے تو لے جائیں کیونکہ پورا کراچی آپ کا ہی ہے۔‘
برہان آفریدی نامی صارف نے لکھا کہ ’یہ ماربل نہیں بلکہ مردان میں بننے والی مخصوص شیٹس ہیں، کیا آپ مردان آنا چاہیں گی جہاں یہ شیٹس بنتی ہیں۔‘
پی ایس ایل کو سپیشل بنانے کا شکریہ
کچھ روز قبل، جب بین کٹنگ ایک گیند پر آؤٹ ہوتے ہوتے بچ گئے تو کیمرے کا رخ اچانک ایرن ہالینڈ کی جانب کیا گیا تو وہ گھبرا کر پچ کی جانب دیکھ رہی تھیں جس پر اس وقت موجود کمنٹیٹرز نے قہقہے لگائے اور انھیں دلاسے دیے۔
اس ویڈیو کو جب سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا گیا تو ایک مداح نے لکھا کہ ’فکر نہ کریں میڈیم، ہم زلمی ہیں۔‘ ایک اور صارف نے لکھا کہ یہ انتہائی خوبصورت لمحہ تھا جس میں آپ کو محبت ہر طرف پھیلی نظر آ رہی تھی۔‘
اکثر صارفین نے لکھا کہ ’آپ دونوں بہت خوبصورت ہیں، ہمیشہ خوش رہیں۔‘ ایک صارف نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’پی ایس کو شکریہ ادا کرنے کا شکریہ۔‘
ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ ہم سنگلز کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔‘
ایرن ہالینڈ: اداکارہ، گلوکارہ، ماڈل اور میزبان
ایرن ہالینڈ کی پیدائش آسٹریلوی شہر کیرنز میں ہوئی، انھوں نے چار سال کی عمر سے فنونِ لطیفہ میں مہارت حاصل کرنا شروع کی اور اس شوق کو انھوں نے سکول کے دوران بھی نہیں چھوڑا اور بالآخر ہائی سکول سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد وہ انٹرٹینمنٹ کی صنعت کا حصہ بننے کے لیے سڈنی منتقل ہو گئیں۔
ایرن ہالینڈ کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق انھوں نے گذشتہ کئی برسوں میں انٹرٹینمنٹ کی صنعت میں مختلف انداز اپنائے ہیں اور بطور گلوکارہ، ٹی وی ہوسٹ، ماڈل اور رقاصہ کے طور پر خدمات سرانجام دی ہیں۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
انھوں نے سنہ 2007 سے سنہ 2011 کے درمیان کلاسیکل وائس پرفارمنس میں بیچلرز کی تعلیم حاصل کی۔
ایرن کو سنہ 2013 میں مس ورلڈ آسٹریلیا کا تاج پہنایا گیا تھا جس کے بعد انھوں نے آسٹریلیا کے محکمہ تعلیم کی سفیر کی حیثیت سے ادارے مس ورلڈ کے ساتھ چین، امریکہ، انگلینڈ، انڈیا اور نیپال کے دورے کیے تھے۔
ایرن ہالینڈ بطور فلاحی کارکن بھی مختلف فلاحی اداروں کے ساتھ منسلک رہی ہیں۔
مس آسٹریلیا کا ایوارڈ جیتنے کے بعد انھوں نے انٹرنیشنل مس ورلڈ مقابلے میں شرکت کی جس میں 126 ممالک کی نمائندگی کرنے والی خواتین شامل تھیں۔ انھوں نے اس مقابلے میں وہ کانٹینٹل گروپ میں چھٹے نمبر پر آئی تھیں اور انھوں نے مس ورلڈ اوشیانیا کا خطاب حاصل کیا تھا۔
بطور میزبان اور برانڈ امبیسیڈر انھوں نے متعدد برانڈز کے ساتھ کام کیا ہے اور آسڑیلیا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش لیگ (بی بی ایل)، انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) سے منسلک رہنے کے علاوہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتھ بھی گذشتہ کچھ برسوں سے کام کر رہی ہیں۔
انھوں نے آسٹریلوی ٹی وی سیریز سیکرٹ ڈاٹر میں بطور اداکارہ بھی کام کیا تھا۔
Comments are closed.