بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

الجنت رائل ریزیڈنسی میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف SBCA کو ایکشن لینے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ میں 9 منزلہ عمارت الجنت رائل ریزیڈنسی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایس بی سی اے کو ایکشن لینے کا حکم دیدیا، 45 روز میں رپورٹ طلب کرلی۔

گارڈن ویسٹ میں الجنت رائل ریزیڈنسی میں اجازت سے زیادہ فلورز کی تعمیر کیخلاف درخواست پر سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، عدالت نے ایس بی سی اے اور دیگر اداروں کو عمارت میں مزید تعمیرات سے روک دیا۔

عدالت نے ایس بی سی اے کو 9 منزلہ عمارت سے غیرقانونی تعمیرات 45 روز میں ختم کرا کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے سب رجسٹرار کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی تعمیر ہونے والی عمارت میں کسی کو بھی سب لیز نہ دی جائے، نیز عمارت میں اداروں کو بجلی، پانی اور گیس کے کنکشنز فراہم کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔

عدالت نے بلڈرز اور ملوث افسران کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا۔

کیس کی سماعت میں درخواست گزار سردار علی قریشی کے وکیل اصغر علی خان نے بتایا کہ پلاٹ نمبر 323 گز پر گراؤنڈ پلس 6 منزلہ عمارت تعمیر کرنے کی اجازت لی گئی تھی،تاہم پلاٹ پر اب 9 منزلہ عمارت تعمیر کی جاری ہے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ایس بی سی اے کو کئی خطوط لکھ چکے ہیں، کارروائی نہیں کی گئی۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم غیر قانونی تعمیرات روکنے کا حکم دے رہے ہیں، حکم نامے کو بلیک میلنگ کیلئے استعمال کیا تو درخواست گزار کیخلاف کارروائی ہوگی۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ حکم امتناع لے کر بلڈر سے ساز باز کرکے درخواست واپس لینے کی کوشش کی تو بھی درخواست گزار کیخلاف کارروائی ہوگی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.