بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

لاہور میں شدید دھند، فلائٹ آپریشن رات 12 بجے سے بند

لاہور اور گردونواح میں شدید دھند کی وجہ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن آج دوسرے روز بھی رات 12 بجے سے بند ہے، لگ بھگ 20 پروازیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ 6 بین الاقوامی پروازوں کو مختلف ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا ہے جبکہ کچھ فضا میں ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دبئی سے لاہور پہنچی پرواز ای کے 622 کو کراچی اور پی کے 204 کو اسلام آباد اتار لیا گیا ہے، جدہ سے لاہور کے لیے ایئر بلیو کی پرواز پی اے 4733 بھی اسلام آباد اتاری گئی۔

استنبول سے لاہور کیلئے ترکش ایئر کی پرواز ٹی کے 714 ایک گھنٹہ چکر کاٹنے کے بعد اسلام آباد منتقل کر دی گئی ہے، موسم بہتر ہونے کے انتظار میں کویت سٹی سے آئی جزیرہ ایئر ویز کی پرواز جے 9501 نے لاہور کی فضا میں 3 گھنٹے تک چکر کاٹے جس کے بعد پرواز کو اسلام آباد لینڈ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ایئر بلیو کی شارجہ اور ایئر عربیہ کی پرواز کی راس الخیمہ کیلئے روانگی نہ ہوسکی۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی اور ٹورنٹو کے مسافر بھی روانگی کے منتظر ہیں، لاہور میں دھند کی وجہ سے ایئر لنکا کی پرواز یو ایل 185 کولمبو سے کئی گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی ہے جبکہ پرواز وائی جی 9089 نے بھی لاہور میں دھند کی وجہ سے کنمنگ سے ٹیک آف نہیں کیا۔

مدینہ سے پی آئی اے کی پرواز لاہور کے لیے روانہ ہو چکی ہے، لندن سے برٹش ایئر ویز کی پرواز بی اے 259 اور لندن ہی سے دوسری پرواز وی ایس 364 بھی راستے میں ہیں۔

لاہور سے کراچی، دمام، مشہد، دبئی کی پروازوں کی روانگی بھی متاثر ہوئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.