پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ محمد حسنین کا بولنگ ایکشن ٹیسٹ 21 جنوری کو لاہور میں واقع آئی سی سی سے ایکریڈیٹڈ لیب میں کیا گیا ، جس کا جائزہ لینے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے ماہرین نے فاسٹ بولر کے باؤلنگ ایکشن کو غیرقانونی قرار دیا ہے، اس حوالے سے پی سی بی کا بیان مندرجہ ذیل ہے:
پی سی بی کو کرکٹ آسٹریلیا سے محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کی ایک مفصل جائزہ رپورٹ آج موصول ہوئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ گڈ لینتھ اورفُل لینتھ، باؤنسر اور سلو باؤنسر کی ڈیلیوریز پھینکتے وقت ان کے بازو کا خم 15 ڈگری کی حد سے تجاوز کر رہا ہے۔
اس رپورٹ کا جائزہ لینےاور اپنے بولنگ ماہرین سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد پی سی بی کو یقین ہے کہ فاسٹ بولر کے بولنگ ایکشن میں یہ مسئلہ حل ہوسکتا ہے، پی سی بی اب ایک بولنگ کنسلٹنٹ کا تقرر کرے گا جو محمد حسنین کے ساتھ کام کرے گا تاکہ وہ اپنے بولنگ ایکشن کو درست کر سکیں اور دوبارہ جانچ کے لیے تیار ہوں۔
محمد حسنین پاکستان کا اثاثہ اور ان چند بولرز میں شامل ہیں جو تسلسل سے 145 کلومیٹر کی رفتار سے گیند پھینکتے ہیں، لہٰذا ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کی ٹیکنیکل کمیٹی کی سفارش پرپی سی بی نےفیصلہ کیا ہے کہ محمد حسنین کو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں مزید شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
غیر قانونی بولنگ ایکشن قوانین کے تحت اب جب تک محمد حسنین دوبارہ اپنے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ کلیئر نہیں کرلیتے، وہ بین الاقوامی کرکٹ میں بھی بولنگ سے معطل رہیں گے۔
Comments are closed.