
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ محمد رضوان ایک محنتی کرکٹر ہیں، انہوں نے کامیابی کے لیے بہت محنت کی ہے، اس لیے ان کی کامیابی کا کریڈٹ بھی انہیں جاتا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ جب میں کوچ تھا تو مجھے محسوس ہوا کہ محمد رضوان اوپر کے نمبروں پر اچھی بیٹنگ کر سکتے ہیں اور کامیاب ہو سکتے ہیں، کیونکہ میں نے انہیں کھیلتے ہوئے دیکھا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رضوان کے پاس شاٹس ہیں، بیک فٹ پر اچھا کھیلتے ہیں، چیلنج قبول کرتے ہیں اور اسی وجہ سے انہیں اوپر کے نمبروں پر بھیجا۔
مصباح الحق نے کہا کہ آئی سی سی ایوارڈز میں پاکستان کے کھلاڑیوں نے خود کو منوایا ہے، 2021ء میں ان کی کارکردگی اچھی رہی، تین ایوارڈز بھی جیتے اور آئی سی سی ٹیموں میں بھی شامل ہوئے، اس کا کریڈٹ مجھے یا کسی اور کو دیا جاتا ہے یا نہیں اس سے فرق نہیں پڑتا، کھلاڑیوں کو ضرور کریڈٹ ملنا چاہیے، انہوں نے اپنی محنت سے نام کمایا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لیگز اپنی جگہ لیکن کرکٹ کے لیے ٹیسٹ فارمیٹ کا ہونا بھی ضروری ہے، یہ اور زیادہ ضروری ہے کہ سب ٹیسٹ کو اہمیت دیں، ہمارے لیے آسٹریلیا کی فل اسٹرنتھ ٹیم کا آنا ضروری ہے، اس کے بعد دوسری ٹیموں نے بھی پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اس چیز کو اس سے نہیں جوڑنا چاہیے کہ کون کس کا بیٹا یا رشتے دار کھیل رہا ہے، ان کو بھی دوسرے کھلاڑیوں کی طرح لینا چاہیے، میرا بیٹا کھیل رہا ہے تو میرا بس یہ ہے کہ وہ صحت مند رہے اور صحتمندانہ سرگرمیوں میں حصہ لے، اسے بھی دوسرے کرکٹرز کی طرح لینا چاہیے۔
خیال رہے کہ مصباح الحق کے بیٹے فہام الحق بھی اب باقاعدہ طور پر کرکٹ کھیل رہے ہیں انہوں نے انڈر 16 کرکٹ میں سنچری بنائی ہے۔
Comments are closed.