بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

رونالڈو اپنے 11 سالہ بیٹے کو موبائل فون دینے کیخلاف

دورِ جدید میں جہاں پوری دنیا کے والدین چھوٹے بچوں کو پورٹیبل ڈیوائسز اور موبائل فونز دینے میں ہچکچاتے نہیں ہیں تو وہیں عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اپنے 11 سالہ بیٹے کو موبائل فون دینے کے خلاف ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 36 سالہ فٹبالر رونالڈو نے اپنے 11 سالہ بیٹے کے پاس موبائل فون رکھنے سے انکار کر دیا کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ اُن کا بچہ ’ٹیکنالوجی کا عادی‘ بنے۔

اس حوالے سے رونالڈو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یقینی طور پر موبائل فون سے بہت مدد ملتی ہے، اس سے میری اور پوری دنیا کی مدد ہوئی، اور میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں اس سے فائدہ اٹھانا ہے لیکن ہمیں اس کے جنون میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔‘

رونالڈو نے اپنے بیٹے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ کو ایک چھوٹا سا تاثر دے سکتا ہوں، میرا سب سے بڑا بیٹا جلد ہی 12 سال کا ہونے والا ہے اور وہ ہر بار مجھ سے پوچھتا ہے کہ ڈیڈی! کیا میرے پاس فون ہے؟‘ تو میں اس سے کہتا ہوں کہ ’آپ کے پاس وقت ہے۔‘

دُنیا بھر میں مشہور پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی گرل فرینڈ جارجینا روڈریگیز کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ’میں یہ بھی جانتا ہوں کہ یہ نوجوان نسل اپنی عمر سے ایک قدم آگے ہے اس لیے میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ ہمیں اس سے فائدہ اٹھانا ہے لیکن ٹیکنالوجی کے بارے میں جنون میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔‘

پرتگالی فٹبالر نے مزید کہا کہ ’بچوں کو فون دو لیکن ایک مدت کے ساتھ، انہیں ہر وقت نہ دیں، میرے خیال میں یہاں بنیادی نکتہ یہی ہے۔‘

واضح رہے کہ رونالڈو چار بچوں کے والد ہیں اور اب وہ جلد ہی جڑواں بچوں کے والد بھی بننے والے ہیں کیونکہ اُن کی گرل فرینڈ جارجینا روڈریگیز کے ہاں بہت جلد جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.