بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: زیرِ تعمیر عمارت کی شٹرنگ گرگئی، متعدد افراد دب گئے ، 1 شخص جاں بحق

کراچی کے پوش ایریا ڈیفنس میں ایک زیرِ تعمیر عمارت کی شٹرنگ گرنے سے کام کرنے والے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، جبکہ ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ساؤتھ زبیر نذیر شیخ کے مطابق حادثاتی طور پر واقعہ ڈیفنس فیز 6 میں خیابانِ نشاط پر پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ عمارت کی تعمیر کے لیے پہلی منزل کی شٹرنگ ڈالی جا رہی تھی کہ مبینہ طور پر ٹھیکیدار کی غلط منصوبہ بندی کی وجہ سے پوری شٹرنگ نیچے آ گری۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کام کرنے والے 12 افراد میں سے متعدد افراد شٹرنگ کے آہنی جنگلے اور ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر نے 2 سے 3 افراد کے ملبے تلے ابھی بھی دبے ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق ان کی ایمبولینسز اور عملہ موقع پر موجود ہے۔

آخری اطلاعات تک جائے وقوع سے کسی زخمی کو اسپتال منتقل نہیں کیا گیا تھا، البتہ 1 شخص کی موت واقع ہوئی ہے، جس کی لاش ریسکیو ورکرز نے ملبے کے نیچے سے نکال لی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.