بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

غلط معلومات کا پھیلاؤ غلط فہمیاں پیدا کررہا ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بیرونی مفادات کے تحت غلط معلومات کا پھیلاؤ غلط فہمیاں پیدا کررہا ہے، غلط معلومات کا پھیلاؤ معاشرے کی ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے، دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد رہنا ہوگا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو کور ہیڈکوارٹرز میں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی۔

دریں اثنا آرمی چیف نے لاہور کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، اساتذہ  اور طلباء سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے مستقبل کی قیادت اور مفید شہریوں کی تیاری میں تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہا۔

انھوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے اور ماحولیات کے شعبوں میں انسانی وسائل کی ترقی کی اشد ضرورت ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ غلط معلومات کا پھیلاؤ معاشرے کی ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے۔ دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد رہنا ہو گا۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستانی نوجوان کو مواقع اور سازگار ماحول ملے تو ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔

طویل سیشن کے دوران اساتذہ اور طلباء نے کئی سوالات کیے اور بات چیت کو مثبت قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.