بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ملک میں مہنگائی کی وجہ سے رات کو نیند نہیں آتی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی وجہ سے انہیں راتوں کو نیند نہیں آتی، مہنگائی مجھے کئی دفعہ راتوں کو جگاتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ’’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘‘ پروگرام میں براہ راست عوام کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوشش ہے کہ ہر مہینہ 2 مہینے کے بعد عوام کی کال سنوں، اصولاً مجھے یہ بات پارلیمنٹ میں بولنا چاہیے، لیکن پارلیمنٹ میں مجھے بولنے نہیں دیا جاتا۔ وزیراعظم نے اپوزیشن کو این آر او کا کراؤڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ وہاں بات نہیں کرسکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی وجہ سے راتوں کو نیند نہیں آتی، مہنگائی مجھے کئی دفعہ راتوں کو جگاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اس وقت تاریخی مہنگائی ہے، ہمارے سے امیر ترین ملک بھی مہنگائی کی لپیٹ میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تو سب سے بڑا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ملا، سارا پریشر روپے پر تھا، ہمارے پاس ڈالرز ہی نہیں تھے، روپے کے گرنے کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا جب کہ موجودہ مہنگائی کی لہر کورونا کی وجہ سے ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر تنخواہ دار طبقہ ہو رہا ہے، تنخواہ دار طبقے کی حالت کو ٹھیک کرنا ہے، کوشش ہے کہ جلد ہی تنخواہ دار طبقے اور سرکاری ملازمین کی مدد کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ گیس کے ذخائر کم ہو رہے ہیں، بلوم برگ کے مطابق گیس بحران کے بعد کھانے کی اشیاء کا بھی بحران آنیوالا ہے۔

You might also like

Comments are closed.