پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کوویڈ 19 کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کو مشکل قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اس وقت کئی ایک چیلنجز کا سامنا ہے۔
پی ایس ایل سے قبل آن لائن پریس کانفرنس میں کپتان شاداب خان نے کہا کہ کھیلوں کی دنیا میں کوویڈ 19 کی وجہ سے حالات اچھے نہیں ہیں، کئی مسائل اور چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ابھی میں آسٹریلیا سے بگ بیش لیگ کھیل کر واپس لوٹا ہوں، وہاں بھی کوویڈ 19 کی وجہ سے بہت مشکلات سامنا کرنا پڑا، کیونکہ وہاں بھی بہت کیسز سامنے آئے تھے لیکن اس کے باوجود بی بی ایل کو مکمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ تھی کہ جو پروٹوکولز بنائے گئے تھے اس پر سب عمل کر رہے تھے مجھے امید ہے کہ پی ایس ایل بھی اچھے انداز میں ہو گی، اس حوالے سے پی سی بی نے اچھے انتظامات کیے ہیں، بس یہ ہے کہ ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں پورا کرنی ہیں۔
شاداب خان نے کہا کہ پی ایس ایل کی فرنچائزز کے کپتانوں سے بڑھ کر ٹیموں کا آپس میں مقابلہ ہو گا جو کہ ہمیشہ ہوتا ہوا آیا ہے، اس مرتبہ بھی اچھا مقابلہ ہو گا، تمام ٹیمیں متوازن ہیں، سب نے اچھی تیاری کی ہوئی ہے، اچھی پرفارمنسز دینے کی کوشش کریں گی۔
لیگ اسپنر نے کہا کہ میں اس مرتبہ بھی اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کروں گا، یہ ہماری ٹیم کی پلاننگ کا حصہ ہے، ہم ڈیٹا پر یقین رکھتے ہیں اور اس کے مطابق مجھے اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کے لیے بھیجا جاتا ہے، لوگوں کا کیا ہے، لوگ باتیں کرتے رہتے ہیں اس مرتبہ بھی باتیں کریں گے لیکن میں اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کروں گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فرنچائز کرکٹ میں یہ بھی چلینجز ہوتے ہیں کہ آپ جن بڑے بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہیں اور پھر انہی کے خلاف کھیلنا پڑتا ہے، لیکن یہ ضرور ہے کہ جب آپ ان بڑے کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہیں تو آپ کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔
Comments are closed.