اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی سال 2016ء سے جاری ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی دو سب سے کامیاب ٹیمیں ہیں، یہ دونوں ٹیمیں لیگ کے پہلے دونوں ایڈیشنز کی فاتح سائیڈز بھی ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2016 کا ٹائٹل جیتا جبکہ پشاور زلمی ایڈیشن 2017 کی فاتح ٹیم ہیں۔
دو مرتبہ کی ایچ بی ایل پی ایس ایل چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا لیگ میں جیت کا تناسب چھپن اعشاریہ ایک چھ فیصد ہے جبکہ چار مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی پشاور زلمی کی ٹیم کی جیت کا تناسب پچپن اعشاریہ صفر سات ہے۔
شاداب خان ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے نوجوان کپتان ہیں، انہیں 2020 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا کپتان مقرر کیا گیا تھا،ان کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے 23 میچز کھیلے اور 12 جیتے جبکہوہاب ریاض نے 18 میچز میں پشاور زلمی کی قیادت کرتے ہوئے 9 میں فتوحات حاصل کیں۔
لیگ اسپنر شاداب خان نے 2017 میں اپنا ایچ بی ایل پی ایس ایل ڈیبیو کیا ،وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مڈل اوورز کے عمدہ باؤلر ہیں، وہ اننگز کے 7 سے 16 اوورز میں اب تک 41 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، جو اس ٹورنامنٹ میں ان اوورز میں کسی بھی کھلاڑی کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں، وہ اب تک تین نصف سنچریوں کی مدد سے لیگ میں 532 رنز بھی بناچکے ہیں۔
دوسری طرف وہاب ریاض اب تک ایچ بی ایل پی ایس ایل میں 94وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، ان میں سے 44 وکٹیں انہوں نے اننگز کے اختتامی 4 اوورز میں حاصل کی ہیں۔
دونوں ٹیمیں 30 جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور 17 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا ان کی زندگی میں ایک خاص مقام ہے، اس ٹورنامنٹ اور فرنچائز کا ان کی ترقی میں اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے ،پی ایس ایل میں ڈیبیوسےلے کر اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ نے ان کی بہت حوصلہ افزائی کی ہے۔
شاداب خان نے کہا کہ پشاور زلمی کا شمار ایچ بی ایل پی ایس ایل کی سب سے مشکل ٹیموں میں ہوتا ہے، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچز ہمیشہ سنسنی سے بھرپور رہتے ہیں۔
دوسری جانب پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ہمارے ملک کا ایک ایسا برانڈ ہے جو دنیا بھر میں پاکستان کی پذیرائی کا سبب بن رہا ہے ، معیاری کرکٹ اور نوجوانوں کو مواقع دینا اس کی پہچان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پشاور زلمی کے اسکواڈ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں نے تقریباََ ہر ایڈیشن میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔
وہاب ریاض نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان میچ ہمیشہ بہترین رہتا ہے ، شائقین کرکٹ بھی دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والے میچ میں خوب دلچسپی لیتے ہیں، امید ہے کہ تمام کرکٹ فینز 27 جنوری سے شروع ہونے والے اس ایونٹ میں بہترین مقابلوں سے محظوظ ہوں گے۔
وہاب ریاض (کپتان)، حضرت اللّٰہ زازئی، لیام لیونگ اسٹون/میتھیو پارکنسن، حیدر علی، شیرفین ردرفورڈ، شعیب ملک، عثمان قادر، حسین طلعت، ثاقب محمود/پیٹ براؤن، سلمان ارشاد، ارشد اقبال، کامران اکمل، ثمین گل،کوہلر کیڈمور، سراج الدین، آرش علی خان ، بین کٹنگ، محمد حارث، محمد عمر، سہیل خان
شاداب خان(کپتان)، کولن منرو، حسن علی، آصف علی، مارچنٹ ڈی لانگے، فہیم اشرف، اعظم خان، ایلکس ہیلز، محمد وسیم جونیئر، محمد اخلاق، ریس ٹوپلے، دانش عزیز، ظفر گوہر، پاؤل اسٹرلنگ، مبصر خان، ذیشان ضمیر/محمد حریرہ، رحمان اللّٰہ گورباز، اطہر محمود، موسیٰ خان، ظاہر خان
Comments are closed.