وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ محمد طاہر محمود اشرفى نے کہا ہے کہ متحده عرب امارات كى سلامتى اور استحكام پاكستان كو بہت عزيز ہے، ابوظبى ميں حملوں میں ایک پاكستانى كى شہادت كى اطلاعات ہیں۔
طاہر اشرفی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ابوظبی میں حملوں كى بهرپور مذمت كرتے ہيں، پاكستان كى وزارت خارجہ اس حوالے سے تفصيلات ديكھ رہی ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دارالحکومت ابوظبی میں مشتبہ ڈرون حملے کیے گئے۔
حملوں کے نتیجے میں آئل ٹینکرز میں دھماکوں سے ایک پاکستانی اور 2 بھارتی شہری ہلاک اور 6 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ اماراتی حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔
ابوظبی پولیس کے مطابق مصفح صنعتی علاقے میں آئل کمپنی کے ذخائر کے قریب تین آئل ٹینکرز میں دھماکوں سے آگ بھڑک اٹھی، جس پر بعد میں قابو پالیا گیا۔
ابوظبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب نئی تعمیرات میں بھی آگ بھڑک اٹھی تھی۔ آگ لگنے کا دوسرا واقعہ ابوظبی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی نئی تعمیراتی سائٹ پر ہوا۔
پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں تصدیق کی ہے کہ ان دونوں مقامات پر آگ ڈرونز کی وجہ سے لگی۔
Comments are closed.