بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: ایک دن میں دو وارداتیں، ایک کروڑ 16 لاکھ سے زائد لوٹ لیے گئے

کراچی میں ڈکیتی کی صرف دو وارداتوں میں ڈاکو ایک کروڑ 16 لاکھ روپے سے زائد کی رقم، 73 لاکھ روپے کے چیکس اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ مزاحمت پر ایک شہری کو بھی قتل کردیا گیا۔

صرف دو وارداتوں سے ہی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کا شہر میں کیا حال ہے۔

کراچی کے علاقے صدر میں عبداللّٰہ ہارون روڈ پر موبائل فون کمپنی کے دفتر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں ملزمان نے اسلحے کے زور پر کیش کاؤنٹر سے 46 لاکھ روپے کی نقد رقم، 73 لاکھ روپے کے چیکس اور موبائل فون چھینے اور فرار ہوگئے۔

ملزمان موبائل فون کمپنی کے دفتر میں ماسک لگاکر داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر عملے کو یرغمال بناکر رقم، چیکس اور موبائل فون تھیلے میں بھرے اور فرار ہوگئے۔

واردات کا مقدمہ پریڈی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔

دوسری جانب کلفٹن شون سرکل انڈر پاس کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص کو قتل کردیا گیا، مقتول کی شناخت 35 سالہ ویربھان سمر داس کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق وہ بینک سے رقم نکال کر جارہا تھا تو موٹر سائیکل پر سوار 3 مسلح ملزمان پہنچ گئے، اسلحہ کے زور پر رقم چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر شدید زخمی ہوا اسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

پولیس کے مطابق مقتول کو قتل کر کے ملزمان 70 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے، مقتول کے ہمراہ اس کا بھائی بھی تھا تاہم وہ واردات میں محفوظ رہا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.