پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ابھی تک تحریک عدم اعتماد کی کوئی تجویز نہیں اور نہ ہی اس آپشن پر غور کیا جارہا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جب تک ہمیں حکومتی اتحادیوں کے ساتھ ملنے کا یقین نہ ہو، اس وقت تک یہ کام نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت چلی جائے اور ایک قابل حکومت آجائے تو آئی ایم ایف سے ازسر نو معاہدہ کیا جاسکتا ہے۔
ن لیگ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ حکومت سے نجات کیلئے آئینی راستے اختیار کرنے کے حامی رہے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں حکومت گرانے کیلئے عوامی دباؤ بڑھانا چاہئے، عوامی دباؤ سے حکومتی صفوں میں انتشار اور حلیف علیحدہ ہونے پر مجبور ہوجائیں گے۔
قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا تھا کہ حکومت کسی بھی بحران کو قابو نہیں کرسکی، اگر عوام کی جیب خالی ہے تو یہ بجٹ جعلی ہے، یہ بجٹ مہنگائی اور بے روزگاری کا بجٹ ہے۔
Comments are closed.