عالمی نمبر ایک سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ آسٹریلیا ملک بدری کا کیس جیت گئے، آسٹریلوی عدالت نے جوکووچ کا ویزا منسوخ کرنے کافیصلہ کالعدم قراردے دیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق حکومت ٹینس اسٹار کا ویزا منسوخ کرنے کی درست دلیل دینے میں ناکام رہی ہے۔
نوواک جوکووچ کی آسٹریلیا میں داخلے کے کیس کی سماعت ہوئی، آسٹریلوی عدالت نے حکومت کو ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کو ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
آسٹریلوی عدالت نے فیصلے میں کہا کہ جوکووچ کے ویزا منسوخی کا حکم منسوخ کردیا گیا ہے، جوکووچ کا ویزا درست ہے اور وہ آسٹریلیا میں داخل ہو سکتے ہیں۔
حکومتی وکیل کا عدالتی فیصلے پر کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے امیگریشن وزیر جوکووچ کا ویزا دوبارہ منسوخ کرنے پر غور کر سکتے ہیں، امیگریشن قانون کے تحت وزیر کو ویزا منسوخ کرنے کے غیرمعمولی اختیارات حاصل ہیں۔
آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر وزیر نے ویزہ منسوخی کا فیصلہ کیا تو جوکووچ پر آسٹریلیا میں داخلے پر3 سال کی پابندی لگ سکتی ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا نے بدھ کے روز کورونا وائرس کے سخت قوانین کو پورا نہ کرنے پر عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرکے انہیں ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ بدھ کو سال کے پہلے گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے میلبورن پہنچے تو ائیرپورٹ حکام نے ویکسین سے استثنیٰ اور غلط ویزے کی بنیاد پر داخلے سے روک دیا۔
نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرکے انہیں سرکاری حراستی ہوٹل میں حراست میں رکھا گیا تھا، اس اقدام کے خلاف جوکووچ کے وکلا نے عدالت میں اپیل دائر کی تھی۔
جوکووچ کو ویکسی نیشن قوانین سے مستثنیٰ ہونے کے بعد آسٹریلین اوپن میں کھیلنا تھا لیکن ان کی ٹیم نے ویزے کی درخواست نہیں کی تھی جو ویکسین نہ لگوانے پر طبی چھوٹ کی اجازت دیتا ہے۔
اس معاملے پر آسٹریلین وزیراعظم اسکاٹ موریسن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ قواعد و ضوابط اہم ہیں جب یہ خاص طو پر سرحد سے متعلق ہوں، کوئی قانون سے بالاتر نہیں، ہماری مضبوط سرحدی پالیسیوں سے آسٹریلیا میں کورونا سے کم ترین اموات ہوئیں، ہم محتاط رہنےکا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
آسٹریلوی بارڈر فورس کا کہنا تھا کہ سربین اسٹار ملک میں داخلے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مناسب ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کا ویزا منسوخ کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ جوکووچ کرونا ویکسی نیشن لگوانے سے گریز کرتے رہے ہیں۔
اُنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اُنہیں آسٹریلین اوپن میں شرکت کے لیے میڈیکل استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔
آسٹریلین اوپن کا آغاز میلبورن میں 17 جنوری سے ہو رہا ہے۔
Comments are closed.