بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

شین وارن کا سابق قومی کپتان سلیم ملک پر میچ فکس کرنے کی پیشکش کا الزام

سابق آسٹریلوی  لیگ اسپنر شین وارن کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے انہیں 1994 کے کراچی  ٹیسٹ کو فِکس کرنے کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا تھا۔

شین وارن کی زندگی پر بننے والی ڈاکیو مینٹری ’شین‘  میں پاکستانی کپتان سلیم ملک پر فکسنگ کےالزامات لگاتے ہوئے کہا گیا کہ سلیم ملک نے 1994میں کراچی ٹیسٹ ہارنے کیلئے فکسنگ کی آفر کی۔

شین وارن کے مطابق ٹیسٹ میچ کےچوتھے روز سلیم ملک نےمجھ سے رابطہ کیا اور ہارنے کی صورت میں مجھے اور ساتھی کھلاڑی کو  2 لاکھ 76 ہزار  ڈالرز کی پیشکش کی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ سابق پاکستانی کرکٹر نے انہیں اور ان کے ساتھی ٹم مے کو اسٹمپ سے باہر گیند کرنے اور وکٹ نہ لینے پر خطیر رقم کی پیشکش کی تھی۔

شین وارن نے مزید کہا کہ وہ سلیم ملک کی پیشکش سےکافی حیران ہوئے البتہ انہوں نے رشوت لینے سے انکار کر دیا جس کے بعد سابق پاکستانی کھلاڑی نے دوبارہ کبھی رابطہ نہیں کیا۔

اس کے علاوہ سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر نے دعویٰ کیا کہ سلیم ملک نے انہیں کہا کہ اگر وہ میچ ہار گئے تو ان کے گھر جل جائیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو 1994 کے کراچی ٹیسٹ میں انضمام الحق اور مشتاق احمد کی تاریخی پارٹنر شپ کی بدولت سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ سلیم ملک پر 2000 میں میچ فکسنگ کی وجہ سے تمام طرز کی کرکٹ سے تاحیات پابندی عائد کردی گئی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.