وفاقی وزير اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی اسکروٹنی کمیٹی کی فائنڈنگ میں یہ بات عیاں ہوگئی کہ تحریک انصاف کی فنڈنگ شفاف ہے، تحریک انصاف ایک مرتبہ پھر سرخرو ہوئی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اللّٰہ کا شکر ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف سرخرو ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ بھی ٹائیں ٹائیں فش ہوگیا، آج تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں ایک ایک روپے کا حساب دیا۔
میڈیا بریفنگ کے دوران فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ کا موازنہ بھی لوگوں کے سامنے آنا چاہیے، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس کا اکاﺅنٹنگ اور فنڈنگ کا تفصیلی نظام موجود ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بہت سی جماعتوں میں تو فنڈنگ کے معاملات وڈیروں اور کاروباری لوگوں سے چلتے ہیں، نواز شریف نے ن لیگ کا اکاﺅنٹ بھی منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا، ن لیگ کے اکاﺅنٹ میں 8 کروڑ روپے ڈلوائے گئے اور پھر نکلوائے گئے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے تحریک انصاف کے کارکنان پارٹی کو فنڈنگ دیتے ہیں، کینسر اسپتال کو عمران خان کے نام پر اربوں روپے کا عطیہ پوری دنیا سے ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کی سطح پر یہی اعتماد وزیراعظم کی ذات پر کیا جاتا ہے، الیکشن کمیشن میں جو رپورٹ پیش ہوئی وہ ہماری حکومت بننے سے پہلے کی رپورٹ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کے 26 میں سے 8 اکاﺅنٹ غیر فعال ہیں، 18 اکاﺅنٹس میں سے 8 اکاﺅنٹس فعال ہیں ان میں ٹرانزیکشن بھی ہو رہی ہیں، فارن فنڈنگ کی حد تک کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 10 اکاﺅنٹس میں سے 6 پی ٹی آئی کے نہیں، انہیں سبسڈری اکاﺅنٹس کے طور پر ڈیل کیا جاتا ہے، چار اکاﺅنٹس سے پی ٹی آئی نے لاتعلقی کا ظہار کیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ایک ٹرانزیکشن 16 کروڑ روپے اور ایک 15 کروڑ روپے کی ہے، 16 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن اس لیے ڈبل کاﺅنٹ ہوئی کہ پیسے سینٹرل اکاﺅنٹ میں آئے او پھر دوسرے اکاﺅنٹ میں منتقل ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں 16 کروڑ روپے کی رقم کو دو بار جمع کیا گیا، 15 کروڑ روپے کی ایک اور ٹرانزیکشن سینٹر سے صوبوں کو ہوئی جو پی ٹی آئی کی سبسڈری تھی اس رقم کو بھی دو بار جمع کیا گیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ایک ایک روپے کا حساب الیکشن کمیشن میں دیا ہے، الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اکاﺅنٹس کی اسکروٹنی بھی عوام کے سامنے رکھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جے یو آئی اور ٹی ایل پی کے اکاﺅنٹس کی اسکروٹنی ہی نہیں ہو رہی۔
اس موقع پر وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ نے 9 اکاؤنٹس کو خفیہ رکھا ہوا تھا، پیپلز پارٹی نے 2013 میں 9، 2014 میں 11 اور 2015 میں 11 اکاؤنٹس کو چھپایا تھا۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ الزامات تو بہت بڑے لگتے رہے ہیں، بے نظير ماضی میں نواز شریف پر اسامہ بن لادن سے امداد لینے کا الزام لگاتی رہی ہیں۔
Comments are closed.