پنجاب میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون نے خواتین کو نشانے پر رکھ لیا۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں اومی کرون سے خواتین زیادہ متاثر ہورہی ہیں، اومی کرون ویرینٹ میں مبتلا افراد میں 58 فیصد خواتین ہیں اور 42 فیصد مرد ہیں۔
اومی کرون وائرس نے پنجاب خصوصاً لاہور میں بھی پنجے گاڑ دیے ہیں، صوبےمیں اومی کرون کیسز کی تعداد 103 ہوگئی، جن میں سے96 کا تعلق لاہور سے ہے۔
گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران صوبےمیں کورونا کے217 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں 188 صرف لاہور سے تھے، راولپنڈی سے 13، سیالکوٹ سے 5 اور ملتان سے 3 کیسز سامنے آئے۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق اب تک 19 سے 49 سال تک کی عمر کے افراد اومی کرون سے متاثر ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اومی کرون کے 7 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جبکہ زیادہ ترمریض علامات کے بغیر ہیں اور یہ آزادانہ گھوم رہے ہیں، جو ویرینٹ منتقلی کا سبب ہیں،77 فیصد ویرینٹ اسی طریقے سے منتقل ہو رہا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب نے لوگوں کو ہدایت کی کہ ماسک پہنے بغیر کسی سے نہ ملیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ 3 اور لاہور میں 3 اعشاریہ8 فیصد رکارڈ کی گئی، اس دوران راولپنڈی میں کورونا سے ایک مریض جاں بحق بھی ہوا۔
Comments are closed.