وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں وزیراعظم اور وزیر خزانہ کے درمیان مکالمہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق ترجمانوں کے اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے شرکاء کو مہنگائی اور معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔
شوکت ترین نے شرکاء کو بتایا کہ نومبر کی نسبت دسمبر میں مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، عالمی سطح پر بھی اشیا کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے، آئندہ مہینے مہنگائی مزید کم ہوگی۔
اس دوران وزیراعظم نے ترجمانوں کو ہدایت کی وہ معیشت کے اعداد و شمار عوام کے سامنے رکھیں اور بتائیں کہ ہمیں معیشت تباہ حال ملی، جسے ہم نے کافی حد تک بہتر کرلیا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم اور وزیر خزانہ شوکت ترین میں مکالمہ بھی ہوا، عمران خان نے کہا کہ آپ کہتے ہیں معیشت بہتر اور اپوزیشن حکومت پر تنقید کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو کسی صورت اثر انداز نہ ہونے دیں، عوام کو حقائق بتائیں، عوام کو آئندہ ماہ مہنگائی میں کمی سے متعلق بھی بتائیں۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہماری معاشی ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش ہے، آپ کا برانڈ وزیراعظم ہے، جو چور ڈاکو نہیں، اپوزیشن اپنے چور، ڈاکو اور کرپٹ رہنماؤں کو تحفظ دیتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو کسی صورت حاوی نہ ہونے دیں، انہیں آئینہ دکھائیں، آپ کا لیڈر اپوزیشن کے لیڈروں جیسا نہیں۔
دوران اجلاس وزیراعظم نے معیشت کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے بہتر قرار دیا۔
Comments are closed.