کراچی میں سپریم کورٹ کے حکم پر پی ای سی ایچ سوسائٹی میں طارق روڈ پر پارک کی بحالی کے لیے رات بھر جاری رہنے والا آپریشن 75 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق پارک کی بحالی کے لیے آپریشن نصف شب کو شروع کیا گیا تھا جو صبح تک جاری رہا اور اب کام بند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پارک کی 600 گز اراضی پر قائم دینی مدرسے کی تعمیرات 95 فیصد تک منہدم کر دی گئی ہیں، مدرسے کی 600 گز سے زائد اراضی واگزار ہو چکی ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق پارک پر دلکشا کلب اور متصل 4 دکانیں مکمل طور پر گرا دی گئی ہیں، جبکہ پارک پر قائم 8 دکانوں اور ایک گھر کا مکمل انہدام باقی ہے۔
قمر رضا جسکانی کے مطابق انہدام کے لیے مخصوص مشینری نہ ہونے کی وجہ سے کام مکمل نہیں ہو سکا ہے، تجاوزات گرانے کا کام اتوار کی صبح تک جاری رہا، اب بند کر دیا گیا ہے۔
خاتون اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں آپریشن رات بھر جاری رہا، اس موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر شہر بھر کی پولیس موجود تھی اور رینجرز کو بھی طلب کیا گیا تھا۔
ایس ایچ او فیروز آباد انسپکٹر خوشنود جاوید کی نگرانی میں سیکیورٹی اور انہدام کی کارروائی جاری رہی۔
خوشنود جاوید کے مطابق آج رات کو کام دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر پارک کی مکمل طور پر بحالی کا کام پیر تک مکمل ہو جائے گا، اس کے ساتھ ہی مین طارق روڈ پر واقع مدینہ مسجد کے انہدام کا معاملہ فی الحال مؤخر نظر آ رہا ہے۔
Comments are closed.