پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق کا کہنا ہے کہ رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین کی کسی سے دشمنی نہیں ہے، پنجاب پولیس کا کام ہے کہ وہ ملزمان تک پہنچے۔
لاہور میں بلال یاسین کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بلال یاسین پر ہونے والا قاتلانہ حملہ بنیادی طور پر دہشتگردی کا واقعہ ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم اس واقعے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہتے، اصل کردار سامنے لا کر ملزموں کو انصاف کے کٹہرے تک لایا جائے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ حکومت، پنجاب اور لاہور پولیس کو کچھ وقت دینا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ بلال یاسین پر گزشتہ روز موہنی روڈ پر 2 موٹر سائیکل سواروں نے حملہ کیا تھا، انہیں 2 گولیاں لگی تھیں، 1 گولی پیٹ کو چھو کر گزر گئی تھی۔
ڈاکٹروں کے مطابق بلال یاسین کے زخم بھرنے میں 9 ماہ لگ سکتے ہیں۔
ہوش میں آنے کے بعد میؤ اسپتال لاہور میں زیرِ علاج ن لیگی ایم پی اے بلال یاسین نے حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لیے پولیس کو درخواست دے دی۔
بلال یاسین نے خود پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے حوالے سے بتایا ہے کہ سابق کونسلر میاں اکرم سے ملنے کے لیے موہنی روڈ کے علاقے میں آیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ میاں اکرم کے گھر کے باہر بغیر نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکل پر سوار 2 حملہ آور آئے، جنہوں نے موٹر سائیکل سے اتر کر جان سے مارنے کے لیے مجھ پر فائرنگ کی۔
Comments are closed.