ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں رواں موسمِ سرما کی دوسری بارش کب ہو گی؟ اس حوالے سے محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتا دیا۔
چیف میٹرولوجسٹ محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں 5 اور 6 جنوری کو رواں سردیوں کی دوسری بارش کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران شہرِ قائد میں گرج چمک کے ساتھ کہیں درمیانی اور کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے، جبکہ 4 جنوری سے شہر میں بوندا باندی بھی شروع ہو سکتی ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق بارش کا نیا مغربی سسٹم 31 دسمبر کو بلوچستان سے ملک میں داخل ہو گا، یہ نیا مغربی سلسلہ سرما کے سابقہ سسٹم سے زیادہ طاقت ور ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ بارش اور ہواؤں کا یہ نیا سسٹم بلوچستان کے اضلاع پر زیادہ اثر انداز ہو گا، جبکہ یہ سسٹم ملک کے شمالی علاقوں میں بھی بارش کا باعث بن سکتا ہے۔
سردار سرفراز نے مزید بتایا کہ کراچی میں 3 جنوری تک سرد ہوائیں چلتی رہیں گی، اس دوران دن کے وقت مطلع صاف جبکہ رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس دوران کراچی شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 10 سے 12 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
Comments are closed.