انڈر19 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے مسلسل تیسری فتح حاصل کرلی اور گروپ میں ٹاپ پوزیشن کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
پاکستان جونئیرز نے اپنے آخری گروپ میچ میں یو اے ای کو 21 رنز سے شکست دی۔
دبئی میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں پاکستان انڈر19 نے 8 وکٹوں پر 219 رنز اسکور کیے، کپتان قاسم اکرم نے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ دیگر بیٹرز میں حسیب اللّٰہ 39، احمد خان 34، محمد شہزاد 29 اور عبدالواحد بنگلزئی 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
جواب میں یو اے ای کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 198 رنز بنا سکی، کائی اسمتھ اور عیان افضل خان نے 38، 38 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے قاسم اکرم نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد ذیشان، مہران ممتاز اور معاذ صداقت نے دو، دو وکٹیں حاصل کی۔
گروپ کے تمام تینوں میچز جیت کر پاکستان انڈر 19 نے پہلی پوزیشن کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
Comments are closed.