ایشیز سیریز کے کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں مہمان ٹیم 185 رنز تک محدود رہی۔
میزبان ٹیم نے پہلے دن کے اختتام تک ایک کھلاڑی کے نقصان پر 61 رنز بنالیے ہیں، انہیں پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے مزید 124 رنز درکار ہیں۔
مہمان ٹیم کی جانب سے پہلی اننگز میں کپتان جو روٹ ہی نصف سنچری بناسکے جبکہ جونی بیئرسٹو 35 اور جوز بٹلر نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلش ٹیم کے اولی روبنسن 22، ڈاوڈ ملان 14، جیک لیچ 13 اور زیک کرولی 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی طرف سے کپتان پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ میچل اسٹارک 2 ، اسکاٹ بولینڈ اور کیمرون گرین کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے مارکس ہیرس 20 اور نیتھن لیون کوئی رن بنائے بغیر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ڈیوڈ وارنر 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
خیال رہے کہ ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے مہمان ٹیم انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی تھی جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 275 رنز سے جیتا تھا۔
Comments are closed.