پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کا جو حشر کے پی میں ہوا وہی ملک بھر میں ہوگا، اس حکومت سے سلیکٹرز تک تنگ آچکے ہیں اور اب شاید ایک دھکا ہی باقی رہ گیا ہے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جاری استاتذہ کے احتجاج میں پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ بھی پہنچ گئیں اور کہا کہ وہ اساتذہ کے پیشے اور ان کی خدمات کی انتہائی قدر کرتی ہیں، جو ادارے وجود ہی نہیں رکھتے ان کے ماتحت تعلیمی اداروں کو کرنا افسوسناک ہے۔
نفیسہ شاہ نے کہاکہ یہ وہ حکومت ہے جو سرکاری عمارتوں پر حملہ کرتے رہے ہیں،انہوں نے تو پی ٹی وی اور کئی سرکاری عمارتوں حتی کہ پارلیمنٹ پر گالم گلوچ کی ہے۔
پی پی رہنماکا مزید کہنا تھا کہ مقامی ایم این اے تباہی سرکارکے نمائندے ہیں، یہ صرف غریب سے جنگ لڑنا جانتے ہیں،ڈاکٹرز، سرکاری ملازم، اساتذہ اور طالب علم ملک بھر میں احتجاج پر مجبور ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے ڈی چوک پر مظاہرین اساتذہ اور پولیس آمنے سامنے آگئے، اساتذہ ڈی چوک سے رکاوٹیں ہٹا کر پارلیمنٹ کے سامنے پہنچ گئے، احتجاج اور نعرےبازی جاری ہے۔
وفاقی نظامت تعلیمات کو میونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے کے خلاف اسلام آباد میں اساتذہ نے پریس کلب سے پارلیمنٹ کی جانب مارچ کیا۔
اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم بھی اساتذہ سے اظہار یکجہتی کے لیے پہنچ گئے اور کہا کہ نکمی اور نااہل ترین حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے تعلیم کا نظام برباد کرنے کا سوچ لیا،ایجوکیشن کو مافیا کے حوالے کرنے کی سازش کے تحت میونسپل کارپوریشن کے ماتحت کیا گیا ہے۔
Comments are closed.