سندھ حکومت نے یوریا کھاد کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کرلیے ہیں۔
کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے امور زراعت منظور وسان نے یوریا کھاد کی اسمگلنگ روکنے سے متعلق میڈیا سے گفتگو کی۔
مشیر زراعت سندھ نے بتایا کہ یوریا کھاد کی اسمگلنگ روکنے کے لیے سندھ حکومت نے پنجاب اور بلوچستان بارڈرز پر 2 چیک پوسٹیں قائم کردی ہیں۔
منظور وسان نے مزید کہا کہ پنجاب بارڈر پر کموں شہید اور بلوچستان بارڈر پر جیکب آباد میں چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت کو ناردرن بائی پاس پر بھی چیک پوسٹ قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مشیر زراعت سندھ نے یہ بھی کہا کہ بارڈرز پر تمام صوبوں کو جانے والے ٹریلر اور ٹرک چیک کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 13شہروں میں یوریا کھاد ذخیرہ اور اسمگلنگ کرنے پر 25 مقدمات درج ہوئے ہیں جبکہ ذخیرہ اندزوں پر 8 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
منظور وسان نے کہا کہ پکڑی گئی یوریا کی 1 لاکھ 34 ہزار 3 سو بوریاں سرکاری قیمت پرفروخت کی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ سندھ میں سرکاری قیمت پر یوریا کھاد نہ دینے والے ڈیلروں کی دکانیں اور گودام سیل کیے جائیں گے۔
Comments are closed.