مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ کے پی الیکشن میں عوام نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) جماعتوں پر انحصار کیا، عوام کو مبارک ہو، عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی شکست کا نوٹس لے لیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان اور اس کی حکومت نے سارا سال انتقامی کارروائیوں پر کام کیا، عوام سے جھوٹے وعدے کیے اور معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نیٹو کمانڈر ہیں جو صرف تقریریں کرسکتے ہیں، ایکشن اور عمل نہیں کرواسکتے، عمران خان نے ساری زندگی چندا مانگا ہے، اب انہوں نے عوام کو بھی چندے پر لگا دیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ آج پھر ہم عمران خان کے جھوٹے کیسز کی پیشیاں بھگت رہے ہیں، سوا 3 سال میں اس حکومت نے مخالفین پر جھوٹے مقدمات پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کیلئے ایک فیصد کام نہیں کیا، پورے ملک میں گیس بحران ہے، ہم نے 3 ماہ پہلے پیشگوئی کردی تھی کہ دسمبر میں بدترین گیس لوڈشیڈنگ ہوگی، چینی کا ٹینڈر منسوخ کرکے اپنے لوگوں کے لیے چینی مہنگے داموں فروخت کروائی، ہر ضرورت کی چیز کو منافع خوروں کو اجازت دے کر سٹہ بازی کرائی گئی۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ دل بہت رنجیدہ ہے، 2019 سے مطالبہ کررہے ہیں بھارت نے کشمیر کو ہڑپ کیا، حکومت اسلامی سربراہی کانفرنس طلب کرے نہیں تو کم از کم اسلامی وزراء خارجہ کا اجلاس بلائے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما کا کہنا تھا کہ افغانستان کے لیے اسلامی ممالک نے فنڈ قائم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، افغانستان کا جتنا ضروری مسئلہ ہے اتنا ہی ضروری کشمیر کا بھی ہے، حکومت اسلامی وزراء اجلاس میں کشمیر کی قرارداد منظور کروانے میں ناکام ہوئی۔
نون لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ بعض مبصرین نے کہا حکومت نے اجلاس سے پہلے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ کشمیر کا مسئلہ نہیں اٹھائے گی، اقوام متحدہ عمران خان کو خصوصی معاون مقرر کر لے تا کہ چندہ زیادہ اکٹھا ہوسکے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے ریفرنس کی سماعت کی، جس میں سابق وزیر داخلہ احسن اقبال اور دیگر عدالت کے روبرو پیش ہوئے، نیب پراسیکیوٹر کی عدم حاضری پر سماعت بنا کارروائی کے 12 جنوری تک ملتوی کردی۔
Comments are closed.