وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کاکہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے الیکشن کے نتائج پورے نہیں آئے، جو ابھی تک نتائج آئے ہیں بلاول نے بولا ہے پی ٹی آئی خیبر میں دفن ہوگئی، خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نتائج میں وفاقی اور صوبائی وزراء نے مداخلت کی ہے۔
سعید غنی نے سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو زبردستی سیٹیں ملی تھیں، اب حشر برا ہوگا، سندھ میں کوئی نیا بلدیاتی نظام نہیں آیا، بلدیاتی نظام وہی ہے جو 2013ء میں بنا تھا، ہم نے بلدیاتی نظام بہتر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے امیدواروں کو سزا دی گئی ہے، تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں جنم لیا تھا، عوام ووٹ کی طاقت سے بدلہ لیتے ہیں، خیبرپختونخوا کے بلدیاتی الیکشن نے عوام کا موڈ بتادیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں لوگ گیس کا بحران بھگت رہی ہے، کراچی میں فیکٹریاں بند ہورہی ہیں، ایم کیو ایم گیس، پیٹرول کی قیمتوں، گندم کے ڈاکے اور کھاد کے معاملے پر کیوں خاموش ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ نے یہ بھی کہا کہ ہمارے دور میں پیٹرول کی قیمتوں پر استعفے دینے والے خاموش ہیں، پنجاب، خیبرپختونخوا اور کراچی میں سب کی امید کی کرن بلاول بھٹو ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ جس چیز کا عمران خان نے نوٹس لیا اس کا ہمیشہ بیڑا غرق ہوا، گورنر صاحب کا کام سیاسی بیانات دینا نہیں ہے، گورنر سندھ اپنے آئینی اختیارات سے تجاوز کر رہے ہیں، گورنر کی باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، وہ خود ہی ایکسپوز ہورہے ہیں، ہمیں تو خوشی ہے کہ سندھ کے گورنر ایکسپوز ہیں۔
Comments are closed.