وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ٹکٹس کی تقسیم درست کرلیتے تو ہمارا کو ئی مقابلہ نہیں کرسکتا تھا۔
ایک بیا ن میں خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کےنتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نتائج کو دیکھا جائے تو تحریک انصاف کا ووٹ بینک مختلف نہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 17 تحصیل نشستیں پی ٹی آئی نے جیتی ہیں، کئی جگہوں پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے کئی جگہوں پر آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا، یہ ووٹ یکجا کرلیں تو ووٹ بینک تحریک انصاف کا ہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ہمیں کوئی پریشانی نہیں، ان انتخابات سے تحریک انصاف کی غیر مقبولیت ظاہر نہیں ہوتی۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا معاملہ مقامی ایشوز پر ہوتا ہے، اس میں قومی رنگ نہیں ہوتا، بلدیات میں عام انتخابات کی طرح پارٹی کی لیڈر شپ موجود نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں دوسرے مرحلے کے انتخابات اور پنجاب میں الیکشن متاثر نہیں ہوگا، پنجاب میں الیکشن پی ٹی آئی اور ن لیگ کے درمیان ہونا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ میں الیکشن پی ٹی آئی اور پی پی پی کے درمیان ہونا ہے، عمران خان اور پی ٹی آئی کی مقبولیت اب بھی موجود ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بلاول بھٹو زرداری اور مریم نوازکے حوالے نہیں کیا جا سکتا، ان دونوں کی حیثیت عمران خان کے مقابلے میں سیاسی بونوں جیسی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے نظام میں ایم این اے اور ایم پی اے کا اکٹھا ہونا ہی مشکل ہے۔
Comments are closed.