مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف کی شکست کو اگلے انتخابات کے لیے نوشتہ دیوار قرار دیدیا۔
لاہور سے جاری بیان میں شہباز شریف نے وفاقی اور صوبائی حکمران جماعت پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابی میں شکست پر تبصرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بدانتظامی، مہنگائی، کرپشن، سبز باغوں کا بدلہ عوام نے ووٹ کی طاقت سے لینے کا آغاز کردیا ہے۔
ن لیگی صدر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اپنے گڑھ پشاور کے میئر کی نشست ہارنے کو اگلے انتخابات کا نوشتہ دیوار سمجھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نااہل حکومت نے ملک کو دیوالیہ کردیا، اب تو ان کے اپنے بھی سچ کو چھپا نہیں پارہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ عوام اس عذاب سے چھٹکارا چاہتے ہیں، جس کا ایک اظہار بلدیاتی انتخابات کے نتائج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صاف شفاف الیکشن ہوں تو اس جماعت کو منہ چھپانے کی جگہ نہ ملے۔
Comments are closed.