
خیبر پختون خوا کے وزیرِ صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیرِ ہائیر ایجوکیشن کامران خان بنگش اور پی ٹی آئی کے امیدوار رضوان بنگش نے اپنے اپنے علاقوں میں ووٹ کاسٹ کیئے۔
وزیرِ صحت و خزانہ خیبر پختون خوا تیمور سلیم جھگڑا نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ملوگو میں ووٹ کاسٹ کر دیا۔
اس موقع پر ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاقہ چمکنی پاکستان اور کے پی کی سیاست میں اہم حیثیت رکھتا ہے۔
وزیرِ صحت و خزانہ خیبر پختون خوا نے کہا کہ شہری بڑی تعداد میں اپنے نمائندوں کی سپورٹ میں پوری تحصیل میں باہر نکلے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے گاؤں میں کچی سڑکیں نظر نہیں آئیں گی، لوگوں کا اتنی بڑی تعداد میں گھروں سے نکلنا سیاسی عمل پر اعتماد کی نشانی ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے یہ بھی کہا کہ اپنی پارٹی کی جیت کے لیے دعاگو ہوں، تاہم تمام نمائندے اور جماعتیں مکمل حق رکھتی ہیں کہ اپنی مہم جاری رکھیں۔
دوسری جانب وزیرِ ہائیر ایجوکیشن کامران خان بنگش نے پولنگ اسٹیشن گھڑی ہدایت اللّٰہ فیصل کالونی میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
پشاور میں سٹی میئر کے لیے پی ٹی آئی کے امیدوار رضوان بنگش نے بھی پرائمری اسکول گڑھی ہدایت اللّٰہ پولنگ اسٹیشن پر ووٹ کاسٹ کیا۔
واضح رہے کہ خیبر پختون خوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔
ووٹنگ کا یہ سلسلہ شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہے گا۔
Comments are closed.