
کراچی کے علاقے شیرشاہ پراچہ چوک پر گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کے مقام سے ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔
ہیوی مشینری کی مدد سے ملبہ اٹھایا جا رہا ہے، پولیس، رینجرز اور ریسکیو ادارے بھی دھماکے کے مقام پر موجود ہیں۔
کراچی کے علاقے شیر شاہ میں ہونے والے گیس لیکیج دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے مزید 2 افراد کی لاشیں نکال لیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کی لاشوں کو نالے سے نکالا گیا ہے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہو گئی۔
ملنے والی لاشوں میں سے 1 کی شناخت سردار میر کے نام سے ہوئی ہے جو کہ بینک میں چیف کیشئر تھے، دوسری لاش کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔
دھماکے میں نجی بینک کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھی، واقعے کا مقدمہ سائٹ بی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔
دھماکے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جس کی سربراہی ایس پی انویسٹی گیشن کر رہے ہیں۔
تحقیقاتی ٹیم دھماکے کے واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرتے ہوئے جائزہ لے گی۔
Comments are closed.