سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے الزامات کا جواب دے دیا۔
ایک بیان میں حسین حقانی نے کہا کہ انہوں نے سالوں پہلے امریکا میں بطور پاکستان کے سفیر فرائض انجام دیے، کسی سیاسی جماعت کے نمائندے کے طور پر نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا الزام نیا ہے اور یہ 10 سال بعد لگایا جارہا ہے۔
حسین حقانی نے کہا کہ انہیں اندازہ ہے کہ حکمران پی ٹی آئی کو بیرون ملک سے فنڈز اکٹھا کرنے پر سنجیدہ الزامات کا سامنا ہے، مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ جھوٹے الزامات لگائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ریکارڈ سے ثابت ہو گا کہ انہوں نے 2008 سے 2011 کے درمیان جب وہ سفیر تھے، کبھی پاکستانی کمیونٹی میں فنڈ اکٹھا کرنے کے پروگرام میں شرکت نہیں کی۔
سابق پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ اپنے دور سفارتکاری میں ان کی تمام تر توجہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات پر تھی۔
حسین حقانی نے کہا کہ اس دوران پاکستان سے واحد سیاسی شخصیت جو امریکا فنڈ اکٹھا کرنے گئی وہ اس وقت وزیر اطلاعات کے باس (عمران خان) ہیں۔
فواد چوہدری نے 12 دسمبر کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسین حقانی کے بارے میں الزامات لگائے تھے۔
Comments are closed.